شکرگڑھ،13اگست(اے پی پی): شکرگڑھ شہر اور قصبات میں بچے بوڑھے عورتیں سب جشن آزادی منانےکی تیاریوں میں مصروف نظر آرہے ہیں، گھروں بازاروں اور گلی کوچوں کو سجانے میں بچے بہت پرجوش ہیں، ان میں خوشی کی لہر پائی جا رہی ہے، دکانوں اور سٹالز پر جشن آزادی کی مناسبت سے لباس اور سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے، ہر طرف جشن آزادی کی سجاوٹی اشیاء کی خریدو فروخت شروع ہوچکی ہے۔
جیسے جیسے 14 اگست کا دن قریب آتا جا رہا ہے، بازاروں کی رونق میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، مہنگائی اور مشکل حالات کے باوجود جشن آزادی منانے کا جزبہ بڑھا ہے، گھروں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے جا رہے ہیں، بچے اور بڑے بھرپور تیاریاں شروع کر چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم ہر سال کی طرح اس بار بھی جشن آزادی جوش جذبے سے منائیں گے، سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے، جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں، ہم اپنے گھروں بازاروں اور گلی کوچوں کو سبز ہلالی پرچم سے سجا رہے ہیں۔