شہدائے پولیس کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اوکاڑہ پولیس کے زیر اہتمام تقریب، شہداء کو خراج  تحسین پیش

22

اوکاڑہ،04اگست(اے پی پی ): یوم شہداء پاکستان پولیس کے حوالہ سے شہدائے پولیس کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اوکاڑہ پولیس کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں برگیڈیئرمحمد کاشف نعیم نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسراوکاڑہ کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی قربانیاں اور انکی کی خدمات قیمتی اثاثہ اور سرمایہ افتخار ہیں، شہداء پولیس نے عوام کے مال و جان، عزت و آبرو کی حفاظت کیلئے اپنی جان تک پرواہ نہیں کی،ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ پولیس بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد اور اس کے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے۔

برگیڈیئر کاشف نعیم نے خطاب میں کہا کہ پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں کسی صورت بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ شہید کا جو خون ہے وہ قوم کی حیات ہے۔وطن عزیزکی بنیاد ہی شہداء کی قربانیوں پراستوار ہےآج کی تقریب کا مقصد پولیس کے ایسے شیردل جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنی جانیں وطن کے دفاع اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ کے لئے قربان کر دیں۔

تقریب میں دیگر افسران نے بھی شہداء اوکاڑہ پولیس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، وطن عزیر کی حفاظت کی خاطر شہداء نے اپنی لازوال قربانیاں پیش کیں، شہید زندہ ہیں،ہمارے دلوں میں ہماری رگوں میں،شہداء ہمارا فخر ہیں پاکستان کی بقا اور سالمیت میں لاکھوں شہداء اور غازیوں کا قیمتی لہو شامل ہے،آج ارض پاک کے تحفظ کی خاطر جانیں قربان کرنے والے بہادرجوانوں کے ساتھ تجدیدعہد کا دن ہے، جس مقصد کی خاطر شہدا نے اپنی جانیں قربان کیں،اس مقصد کی تکمیل کیلئے آئندہ بھی جان دینے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

تقریب میں طلبہ نے تقاریر کیں اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔تقریب میں شہدائے پولیس اوکاڑہ کی فیملیزکو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔