صحافیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں؛ نگراں وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی

41

اسلام آباد،30اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند ہے، صحافیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

وہ  بدھ کوپی ایف یو جے ورکرز کے زیر اہتمام بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے لئے منعقدہ دو روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومتیں صحافیوں کیلئے بین الصوبائی دوروں کے تبادلوں کا اہتمام کریں، اس سے ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔  انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی اجرت کا معقول انتظام ہونا چاہئے، دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے صحافی کافی مشکلات کا شکار ہیں، یہاں تک کہ وہ کیمروں کا انتظام بھی خود ہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں، صحافتی تنظیمیں اور یونینز کو بھی اس حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ایک صحافی ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ادارے اپنے رپورٹرز کو تنخواہیں نہیں دیتے، ان حالات میں وہ کیسے کام کریں گے، کیسے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت اور خوراک کا بندوبست کریں گے۔

 نگراں وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا کہ بلوچستان سمیت دور دراز علاقوں کے صحافیوں کی استعداد کار اور ان کا معیار زندگی بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 1980  سے مختلف سندھی اخبارات کے چیف نیوز ایڈیٹر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ ان کے مسائل اور گزارشات کو ایوان اقتدار تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وفاق کے تعلیمی  اداروں میں اساتذہ گزشتہ 15، 15 سال سے ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں اور انہیں ان کی ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا، یہ چیز میرے لئے انتہائی افسوسناک تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجز اساتذہ کو نوکریوں پر دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے اور ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ اساتذہ کے اوپر یہ جو ڈیلی ویجز کا لقب ہے اس کو اتارا جائے۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نگران وفاقی وزیر نے کامیاب تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر پی ایف یو جے ورکرز کو مبارکباد پیش کی۔ پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت، نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال، منیب، میاں سمیع اور ورکشاپ کو شرکاء کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر پی ایف یو جے ورکرز کی جانب سے نگران وفاقی وزیر تعلیم کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔