سیالکوٹ،17اگست(اے پی پی): کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروایا جائے گا، سیالکوٹ پسرور روڈ، وزیر آباد روڈ، سمبڑیال ڈسکہ روڈ، ایئر پورٹ روڈ اور اڈہ چونڈہ روڈ کی تعمیر پر کام کی رفتار کر تیز کیا جائے اور مواصلات کے منصوبوں کو عوامی مفاد میں جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ان منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ منصوبہ جات دیرپاء ثابت ہوں اور عوام الناس ان منصوبوں سے عرصہ دراز تک استفادہ حاصل کرسکیں۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کمیٹی روم سیالکوٹ اپنی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ریویو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کمیٹیاں اور یونین کونسل صفائی ستھرائی کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متحرک انداز میں کام کریں اور اس سلسلہ میں ہر ممکن دستیاب وسائل کو بروئے کار لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے اداروں کے افسران جاری ترقیاتی منصوبوں کی از خود مانیٹرنگ کریں اور مقررہ مدت کے اندر منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں مطلوبہ فنڈز کے اجراء کیلئے حکومت پنجاب سے درخواست کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان اعوان نے ضلعی سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کاشف نواز رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنر پسرور قمر منج، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ فیصل احمد، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن اقبال چیمہ، چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ راجہ یاسر ، اے ڈی ٹیکنیکل محسن علی ریاض، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ رانا ابرار، ایکسین ہائی وے کامران فیصل، ایس ڈی بلڈنگ چودھری اعجاز کے علاؤہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔