اسلام آباد،10اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ کی پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سابق پارلیمانی سیکرٹری وفاقی تعلیم زیب جعفر مہمان اعزاز تھیں۔تقریب میں بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولزکے ڈائریکٹر جنرل حمید خان نیازی، یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین، پروفیسر ڈاکٹر تنزیلہ نبیل اور سیکنڈری ٹیچر ایجوکیشن کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن بھی شریک تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر محمود نے پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی تکمیل پر اساتذہ اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی ورکشاپس پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اُجاگر کرتی ہے۔ ٹیچر ٹریننگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قابل اور تربیت یافتہ اساتذہ معیاری تعلیم کے ضامن ہو تے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ دنیا کا طاقتور ترین انسان استاد ہی ہوتا ہے کیونکہ سننے سے پہلے بچے یقین کرلیتے ہیں کہ ہمارا استاد ٹھیک کہہ رہا ہے۔
ڈاکٹر ناصر محمود نے تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ پر زور دیا کہ بچے کی خیالات اور قابلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ا ُن کا مستقبل اُ س راستے پرگامزن کرائیں جس کے لئے وہ سوچ رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جس حیثیت سے وہ یہاں کھڑے ہیں وہ اُن کے اساتذہ کی وجہ سے ہے جس پر آج بھی وہ اپنے اساتذہ کو سیلوٹ کرتے ہیں اور انہیں اپنی دعاؤں میں یاد کرتے ہیں۔
اپنے خطاب میں سابق پارلیمانی سیکرٹری وفاقی تعلیم زیب جعفر نے کہا کہ ٹیچرز رول ماڈل ہوتے ہیں، لیڈرز ہم نہیں، اساتذہ ہیں جنہوں نے صحابہ کرام کا پیشہ اپنایا ہے۔زیب جعفر نے اسلام آباد کے آؤٹ آف سکول بچوں کو داخل کرانے کے ہدف میں کامیابی حاصل کرنے پر بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولزکے ڈائریکٹر جنرل، حمید خان نیازی کو مبارکیاد پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمید خان نے آؤٹ آف سکول بچوں کو داخل کرانے کے سفر کے آغاز سے کامیابی تک پوری سٹوری تفصیل سے بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ قلیل عرصے میں ہم نے ہدف حاصل کرلیا ہے، ہم نے اسلام آباد کے آؤٹ آف سکول 12,700بچوں کو داخل کرادیا ہے اور اب یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اسلام آباد میں اب ایک بھی بچہ آؤٹ آف سکول نہیں ہے۔حمید خان نیازی نے لاجسٹک، پروفیشنل اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے ڈاکٹر تنزلیہ نبیل اور پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر فضل الرحمن نے کہا کہ 400اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کا نیک کام اللہ نے ہم سے لیا ہے جس پر ہم شکرگزار ہیں۔