غازی یونیورسٹی میں ”اخلاقیات” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

16

ڈیرہ غازیخان،31 اگست(اے پی پی): غازی یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی زیر صدارت ”اخلاقیات” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔تقریب کے مہمان خصوصی سرسید احمد خان کے نواسے سید محمود اسد اللہ تھے۔

 سیمینار میں یونیورسٹی کے اساتذہ، سٹاف اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسید محمود اسد اللہ نے کہا کہ اساتذہ کو رول ماڈل ہونا چاہیئے کیونکہ طلباء و طالبات اپنے استاد ہی سے سب کچھ سیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرسید نہ صرف ایک ماہر تعلیم تھے بلکہ انھوں نے اپنے عمل سے طالبعلموں کی بہترین تربیت بھی کی۔

سید محمود اسد اللہ نے کہا کہ سرسید احمدخان  نے برصغیر کی عوام میں تعلیم کے حصول کا ایک نیا ولولہ پیدا کیا اور چاہتے تھے کہ ہمارے تعلیم عام ہو کیونکہ اسی سے ہی ہم ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ہمہ جہت شخصیت کا نواسہ ہوں  اور میں نوجوان نسل سے کہوں گا کہ وہ تعلیم کے حصول کے ساتھ اپنی تربیت و کردار پر بھی بھرپور توجہ دیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ سر سید احمد خان کی شخصیت ہمارے لیے رول ماڈل ہے وہ اس خطہ میں جدید علوم کے حصول کے سب سے بڑے حامی تھے اور آج انہیں کے نظریہ پر چلتے ہوئے اس خطے میں تعلیم عام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غازی یونیورسٹی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب میں شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سہیل عباس نے تجویز پیش کی کہ سیمینار ہال کو سرسید احمد خان ہال کا نام سے منسوب کیا جائے اور یہ تجویز کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔