فیصل آباد،31 اگست (اے پی پی ):سٹی پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل کی ہدایت پر لائلپور ڈویژن اور اقبال ڈویژن میں انسداد منشیات آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ ایس پی ارتضی کمیل کی سربراہی میں لائلپور ڈویژن اور ایس پی عثمان منیر سیفی کی سربراہی میں اقبال ڈویژن میں انسداد منشیات کے حوالے سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں متعلقہ سرکلز کے ڈی ایس پیزکے علاوہ علماء کرام اور سیاسی سماجی شخصیات سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
لائلپور ڈویژن میں اس کا آغاز ضلع کونسل چوک سےکیا گیا اور اس کا اختتام کچہری بازار چوک میں ہوا.جب کہ اقبال ڈویژن میں اس کا آغاز تھانہ بٹالہ کالونی سے کیا گیا اور فوارا چوک میں اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پیزکا کہنا تھا کہ یہ واک آئی جی پنجاب کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے،اس کا مقصد عوام میں منشیات کے استعمال سے ہونے والے نقصانات اور ان سے بچاؤ کے سلسلہ میں آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ عوام منشیات فروشوں کے خلاف پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دے اور اس ناسور کا معاشرے سے خاتمہ کیا جا سکے۔