قصور، 04 اگست (اے پی پی): قصورمیں یوم شہداءپولیس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا- تقریب میں آر پی او شیخوپورہ رینج بابر سرفراز الپا، ڈی پی او طارق عزیز سندھو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ نماز فجر کے بعد شہداء کے ایصال ثواب کے لئے پولیس لائن میں قرآن خوانی کی گئی‘ آر پی او شیخوپورہ رینج بابر سرفراز الپا اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے ۔
یاد گار شہداءپر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، یوم شہداءپولیس کے سلسلہ میں مرکزی تقریب ڈی پی ایس قصور کے آڈیٹوریم میں ہوئی، تقریب میں آر پی او شیخوپورہ، ڈی پی او قصور نے شہداء کے خاندانوں اور غازیوں میں تحائف تقسیم کئے۔ 34 شہداءکے خاندانوں کے افراد اور 31 غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب میں پولیس شہداءکی یاد میں ملی نغمے بھی پیش کئے گئے۔
آر پی او شیخوپورہ رینج بابر سرفراز الپا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے شہداءپر فخر ہے جن کی وجہ سے ہم آج آپ کے سامنے کھڑے ہیں، آج تجدید وفا و عہد کا دن ہے کہ ہم وقت آنے پر قوم، عوام، شہریوں کے لئے جان بھی دیں گے، ہمارے شہداءکی قربانیوں نے ہمارے لئے راستہ متعین کر دیا ہے جو عزت کا راستہ ہے۔ قصور پولیس بہادر فورس ہے، اس ریجن کے 117 شہداءمیں سے 34 قصور کے ہیں جو ہمارا اثاثہ ہیں۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھونے کہا کہ آج کا دن ایک عزم کا اظہار ہے کہ شہداءاور انکا خاندان ہمارا سرمایہ ہیں،عظیم ہیں وہ لوگ جن کے خون سے یہ مٹی رنگین ہو کر امن کی خوشبو دے رہی ہے، شہداءکا دیا ہوا خون ہمارے ارادوں کو پختہ کرتا ہے، ہم آج بھی قربانیاں دینے کے لیے تیار ہیں،قصور پولیس نے دہشت گردوں، امن دشمنوں کے خلاف لڑنے پر سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔