قومی اسمبلی اجلاس ، متعدد بلوں کی منظوری، آفیشل سیکرٹ ایکٹ  ترمیمی بل 2023 منظور

11

اسلام آباد،1اگست(اے پی پی):قومی اسمبلی میں آج نجی کارروائی کادن تھا جس دوران بل پیش کئے گئے جبکہ متعدد بلوں کی منظوری دی گئی۔

قومی اسمبلی میں 10 یونیورسٹیوں اور انسٹی ٹیوٹس کے بلزپیش  کئے گئے۔ ڈاکٹر رمیش کمار وینکوانی نے مارگلہ انٹرنیشنل یونیورسٹی بل 2023 اور تھر انسٹی ٹیوٹ بل2023،ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کنگز یونیورسٹی اسلام آباد بل2023، قیصر احمد شیخ نے کنگز انسٹی ٹیوٹ آف ہائیر ایجوکیشن کراچی بل2023، قادر خان مندوخیل نے ببرک ادارہ برائے سائنس ، آرٹ و ٹیکنالوجی بل2023 ، طاہرہ اورنگزیب نے اخوت انسٹی ٹیوٹ قصور بل 2023 اور مونارک انسٹی ٹیوٹ  حیدرآباد بل2023، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے چناب انسٹی ٹیوٹ بل 2023، چوہدری ارمغان سبحانی نے انسٹی ٹیوٹ آف گجرات بل2023 اور وجیہہ قمر نے فالکن یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل2023 پیش کئے ۔

مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہاکہ 30یونیورسٹیوں کی چند روز پہلے بھی منظوری دی گئی آج بھی  ایجنڈے پریونیورسٹیوں کے بل موجود ہیں، یونیورسٹیوں کا قیام صوبوں کا حق ہے، یہ بھی دیکھا جائے کہ کیا ان یونیورسٹیوں نے ایچ ای سی سے منظوری لی بھی ہے یا نہیں اور یہ بھی دیکھا جائے کہ کیا اسلام آباد میں ان یونیورسٹیوں کے قیام کےلئے زمین بھی موجود ہے یا نہیں۔

 اس کے جواب میں  وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کسی بل کی مخالفت نہیں کی تاہم انہوں نے کہاکہ چند دن قبل بھی 25 یونیورسٹیوں کے جو بل پیش کئے گئے ہیں سپیکرقومی اسمبلی نے  ان کوہائیر ایجوکیشن کمیشن کے این او سی اورتمام قواعدوضوابط سے مشروط کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کا قیام کو ئی بری بات نہیں تاہم نئی قائم ہونے والی تمام یونیورسٹیوں کوہائیر ایجوکیشن کے این او سی اور تمام ضروری قواعد و ضوابط پورے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پرویز الہیٰ کے دور  میں ایک دن میں 11یونیورسٹیاں قائم کرنے کی منظوری دی گئی  جنہوں نے ایچ ای سی سے این او سی نہیں لیا، ایسی یونیورسٹیوں کی ڈگری کی بھی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، یہ بچوں کے ساتھ ظلم ہوتا ہے اورایچ ای سی  کی جانب سے ان یونیورسٹیوں کی طرف سے جاری کردہ ڈگری کی   تصدیق نہیں کی جاتی جس کے بعد 6،6 ہزار بچے سڑکوں پر آکراحتجاج کرتے ہیں  اور سوشل میڈیا پر میرے خلاف ایک مہم چلائی جاتی ہے۔

ڈپٹی سپیکرزاہد اکرم درانی نے کہاکہ یونیورسٹیوں کا قیام کوئی بری بات نہیں اس سے تعلیم کے شعبے میں مقابلے کی فضا پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ صرف ٹوکیو  میں ایک ہزار یونیورسٹیاں موجود ہیں۔

قومی اسمبلی نے وفاقی حکومت کی طرف سے بجٹ میں مقرر کردہ مزدور کی کم سے کم اجرت کو فوری نافذالعمل کرنے کی قرارداد کی منظوری دیدی۔عالیہ کامران  نے قرارداد پیش کی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کم سے کم اجرت کو فوری نافذالعمل کرنے کے اقدامات اٹھائے جائیں،جس کی  ایوان نےمنظوری دیدی۔

پارلیمانی امورکے وفاقی وزیرمرتضی جاویدعباسی نے  وزیرداخلہ کی ایماء پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ  ترمیمی  بل 2023  پیش کرنے کی تحریک پیش کی، تحریک کی منظوری کے بعدانہوں نے بل ایوان میں پیش کردیا، ایوان نے بل کی شق وارمنظوری دیدی۔ عبدالاکبرچترالی نے کہاکہ ایک تو ضمنی ایجنڈا دیا گیاہے،ابھی ہمیں بل کی کاپی دی گئی ہے،    آئین میں قومی زبان اردو ہے اوربل انگریزی زبان میں ہے۔ڈپٹی سپیکر نے بل کی کاپیاں اردوزبان میں اراکین کودینے کی ہدایت کی۔

قومی اسمبلی میں  وفاقی وزیرمرتضی جاویدعباسی نے  پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی بل 2023 سینیٹ سے منظورکردہ صورت میں ایوان میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی، تحریک کی منظوری کے بعد انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا، ایوان نے بل کی شق وارمنظوری دیدی۔

نماز ظہرکے وقفہ کے بعد جونہی اجلاس شروع ہوا توڈپٹی سپیکر نے اجلاس (کل) بدھ کوصبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔