لاہور،11اگست (اے پی پی):وزیر بلدیات پنجاب عامر میر کی ہدایت پر لاہور میں غیرقانونی تعمیرات میں ملوث افسران اور سہولت کاروں کے خلاف دائرہ تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کے 9 زونز میں جاری غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈنگ انسپکٹرز اور زونل پلاننگ آفسیرز کی بلیک لسٹنگ کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے، بلیک لسٹ میں شامل بلڈنگ انسپکٹرز اور زونل آفسیر پلاننگ فیلڈ میں کام نہیں کر سکیں گے۔
عامر میر کی ہدایت پر زونز میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے سروے اور رپورٹس کی تیاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جبکہ سمن آباد ٹائون، داتا گنج بخش ٹائون، شالیمار ٹائون اور واہگہ ٹائون میں تعمیرات کے سروے کا آغاز ہو چکا ہے۔یہ طے کیا گیا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے شعبہ پلاننگ کے بلڈنگ انسپکٹرز اور زونل آفیسر پلاننگ متعلقہ ٹائونز میں غیر قانونی تعمیرات کے لیے جوابدہ ہوں گے اور رشوت خوری میں ملوث افسران کو ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ اسی طرح نقشے کی منظوری کے بغیر تعمیر میں ملوث بلڈنگ انسپکٹرز اور زونل آفسیر پلاننگ کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث تمام افسران کو بلاتفریق قرار واقعی سزا دی جائے گی اوررشوت خور افسران کے خلاف محکمہ بلدیات خود کیسز دائر کرے گا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد کے مطابق سروے ٹیمیں خصوصی طور پر رہائشی نقشوں پر کمرشل بلڈنگز کی نشاندہی کریں گی،سروے رپورٹ میں نقشے کے برعکس تعمیرات اور ناقابل معافی بے ضابطگیوں کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔
دوسری جانب عامر میر کا کہنا تھا کہ ذاتی مفاد کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے سرکاری خزانے کو اربوں روپوں کا نقصان پہنچانے والے افسران کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ذمہ داران کے خلاف فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عامر میر کی ہدایت کے مطابق ملوث بلڈنگ انسپکٹرز اور زونل آفسیر پلاننگ کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کریک ڈائون کا آغاز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ سہولت کار اپنا قبیلہ درست کریں ورنہ ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔