محدود وسائل کے باوجود نیشنل مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ تربیت کے معیار کو بڑھانے میں کامیاب رہا ہے؛ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری

6

کراچی،10 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود نیشنل مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ تربیت کے معیار کو بڑھانے میں کامیاب رہا ہے۔ایک بہتر اور خوشحال مستقبل کے لیے، ہمیں ایک قابل، محنتی، اور ذمہ دار سول سروس کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 33 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب میں کیا۔گورنر سندھ نے 33ویں سینئر مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے 37افسران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورس کی تربیت آپ کو حکومت کی پالیسی اور فیصلہ سازی کے شعبوں میں شامل ہونے کے قابل بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کورس کے نصاب نے آپ کو درپیش چیلنجوں کا بہتر ادراک کرنے کے قابل بنایا ہوگا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ شاید وہ دن آئے جب ہم قومی اتفاق رائے کمیشن بنائیں، جہاں ملک کی نئی نسل کے لیے سوچا جائے، ہم نے تو وقت گذار دیا، اب نوجوان نسل کو آگے آنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ زندگی بہت مختصر ہے اپنے حصہ کا کام کرتے جائیں، کبھی اللہ تعالیٰ آپ کو مایوس نہیں کرے گا، اس کے لیے یقین اور اعتماد کی ضرورت ہے، ایمان تو سب ہی رکھتے ہیں بس یقین کی کمی ہے اور یقین تب ہی ہوگا جب ارادہ مضبوط ہو گا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے انتہائی اہم لمحات سے گزر رہا ہے، امید ہے کہ معیشت جلد جمود سے ترقی کے مرحلے کی طرف بڑھے گی۔