ملتان، 24 اگست (اے پی پی):ملتان میں ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کے سلسلہ میں محکمہ تعلقات عامہ میں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ڈائریکٹر تعلقات عامہ ملتان ڈویڑن احمد نعیم ملک نے ڈپٹی ڈائریکٹرز سجاد جہانیہ ،میاں نعیم عاصم،فرقان عباس حیدر ،وسیم یوسف اور ارم سلیمی کے ہمراہ پودا لگاکر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر ڈویڑنل فاریسٹ آفسیر راشد محمود نے شجرکاری مہم سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی۔اس دوران ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔
ڈائریکٹر تعلقات عامہ ملتان ڈویژن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدا یت پر ڈویژنل دفاتر میں شجرکاری کی جارہی ہے، پودے ہمارے ماحول کو پاکیزہ اور معطر بناتے ہیں،ہر فرد اپنے حصے کا ایک پودا لگاکر ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ضلعی فاریسٹ آفیسرراشد محمود نے کہا کہ محکمہ جنگلات تمام اداروں اور سول سوسائٹی کو شجرکاری کیلئے پودے فراہم کررہا ہے،صاف ماحول کا خواب صرف شجرکاری کے ذریعے ہی شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔











