ملتان؛جشنِ آزادی کی مناسبت سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں آزادی کا تہوار منایا گیا

12

ملتان،17 اگست(اے پی پی ):جشنِ آزادی کی مناسبت سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں آزادی کا تہوار منایا گیا جس میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مصطفی کمال پاشا لیکچر تھیٹر کمپلیکس میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے طلباءو طالبات کی جانب سے منائے جانے والے آزادی کے اس تہوار کا مقصد تحریک آزادی کے قائدین کی خدمات اور قومی ہیروز کی قربانیوں کا اعتراف کرنا اور قومی محسنوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

تہوار میں فوٹو گرافس کی نمائشیں، مصوری، شاعری اور قومی نغموں سمیت مباحثوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔

جشن آزادی کی اس تقریب میں پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی اور طلباء و طالبات کو آزادی کی اہمیت بارے آگاہی فراہم کی۔

 وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طلباء وطالبات کو قائد اعظم محمد علی جناح کے قول  ایمان، اتحاد اور تنظیم کی پاسداری اور وطن عزیز کی ترقی کے لیے تن من دھن کی بازی لگانے کی تلقین کی ۔

تقریب کے منتظمین حنان بھٹہ، وقاص احمد، مقدّس طاہر اور مقدّس مریم سمیت ایم بی بی ایس این 68 کے طلباء وطالبات کی کاوشوں کو سراہا۔