ملتان؛زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ

14

ملتان ،18اگست(اے پی پی): زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب امجد شعیب خان ترین کی زیر صدارت منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے رواں ہفتے دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری محمدفاروق ڈوگر،ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر، سیکشن آفیسرحافظ خورشید ملک،آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل زمان اور ریذیڈنٹ انجینئر ندیم خاکوانی نے شرکت کی۔

سیکرٹری سروسز نے سیکرٹریٹ بلڈنگ کی تعمیر بارے آئی ڈیپ سے ہفتہ وار پلان طلب کرلیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سیکرٹریٹ کے انٹری گیٹ وے اور فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر کی ٹائم لائن دی جائے اور ٹیوب ویل کی تنصیب اور او پی پوسٹ کی تعمیر جلد شروع کی جائے۔

امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ میں سولر سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے سیکرٹری انرجی پنجاب سے رابطہ کیا جائےگا اور حکومت کے اخراجات کی بچت کے لئے سیکرٹریٹ کو میپکو کے نیٹ میٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔سیکرٹری سروسز نے منصوبے پر لیبر کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

 آئی ڈپ کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تمام حصوں پر کام جاری ہے اور پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے آئی ڈیپ کے پاس وافر فنڈز موجود ہیں اور کنٹریکٹرز کو تمام ادائیگیاں وقت پر کی جارہی ہیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سیکرٹریٹ کو میپکو کی جانب سے بجلی کی سپلائی کے منصوبے کا کام آخری مراحل میں ہے۔