ملتان، 31 اگست (اے پی پی ): چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کے لئے گیریژن لائبریری اور ایف جی بوائز سکول کے معلوماتی و تفریحی دورے کا اہتمام کیا گیا۔
ترجمان چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروراؤ نوید مختار کے مطابق بچوں کے لئے معلوماتی و تفریحی دورے کا اہتمام روٹری انٹرنیشنل اور عکس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ڈسٹرکٹ انچارج شفاعت ظفر، پرنسپل عشرت بھٹی، روٹری ٹیم اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں نے گرین پاکستان سلسلہ میں ایف جی سکول میں پودے بھی لگائے ، بچوں کو گیریژن لائبریری کے دورے کے موقع پر لائبریری کے بارے میں مکمل آگاہی دی گئی، بچوں کو گیریژن لائبریری کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ گیریژن لائبریری دورہ کے موقع پر بچوں کو کتاب بینی اور تعلیم کی افادیت بارے بھی بتایا گیا ، بچوں کو گیریژن لائبریری دورہ کے موقع پر روٹری انٹرنیشنل کی جانب سے ریفریشمنٹ بھی کروائی گئی۔