ملتان؛ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کاقلعہ کہنہ اور اندرون شہر میں بھرپور صفائی آپریشن

15

ملتان،17اگست(اے پی پی ): چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے قلعہ کہنہ اور اندرون شہر میں بھرپور صفائی آپریشن کیا،کمپنی کے خصوصی سکواڈ نے قلعہ کہنہ کے عقبی حصے کو ملبے سے مکمل کلئیر کردیا جبکہ حاجی کیمپ اور کبوتر منڈی کے علاقوں میں بھی ملبہ جات اور کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد یعقوب نے کمپنی افسران کے ہمراہ شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔سی ای او نے مختلف علاقوں میں عملہ صفائی کی حاضری اور کارکردگی کی انسپکشن کی۔سینئر منیجر آپریشن فہیم لودھی نے صفائی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔

سی ای او شاہد یعقوب نے کہا کہ کلین ملتان مہم کے سلسلے میں ملبہ جات اور کوڑے کی مکمل صفائی جاری ہے،قلعہ کہنہ سمیت تاریخی و سرکاری مقامات کو مکمل صاف کرینگے۔انہوں  نے کہا کہ شہری علاقوں سے ملحقہ یونین کونسلز میں بھی کمپنی سروسز فراہم کررہی ہے80 یونین کونسلز میں سروسز فراہمی کیلئے ورکنگ پلان تشکیل دے رہے ہیں۔

شاہد یعقوب نے بتایا کہ کمپنی ملازمین کی  فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اس حواکے سے  مرحوم و ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی مکمل فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

سی ای او شاہد یعقوب نے  اپنے دفتر میں 10 سے زائد مرحوم ملازمین کے لواحقین اور ریٹائرڈ ملازمین کو 1 کروڑ سے زائد کے واجبات کے چیک فراہم کئے۔ اس موقع پر چیف فنانشل آفیسر ساجد ریاض بھی ہمراہ تھے۔