ملتان؛ پاکستان عطیہ خداوندی ہے، یہ اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہے، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی

39

ملتان، 13 اگست (اے پی پی ): معروف ماہر تعلیم و ادیب سابق ای ڈی او ایجوکیشن صدر نظریہ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے، یہ اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہے جو مسلمانان برصغیر پر اللہ کا خاص انعام ہے، پاکستان ہمارے آباﺅ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن،نظریہ پاکستان فورم ملتان اور انسداد منشیات مرکز ملتان کے زیراہتمام چوپدری برادرز ٹیکسٹائل ملز اور فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان کے تعاون سے 76 یوم آزادی پاکستان اور انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے سلسلے میں سہہ روزہ تقریبات کے پہلے روز انسداد منشیات مرکز سوشل ویلفئیر کمپلیکس ملتان میں منعقدہ سلام پاکستان کانفرنس سے صدارتی خطاب میں کیا۔ جس کے مہمانان ِگرامی میں انچارج انسداد منشیات مرکز ملتان محمد میثم صدیقی، سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن قاضی عبدالغفار اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم تھے۔ تقریب میں سوشل ویلفئیر آفیسر نبیل خان، قاضی علمدار حسین، ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے عہدیداران علی رضا مرزا اور رانا آصف علی زاوش بھی شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نعیم اقبال نعیم، قاضی عبدالغفار اور محمد میثم صدیقی نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کی مجموعی آبادی کا 64 فیصد اور قیمتی اثاثہ ہیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں قومی دھارے میں موثر شمولیت دے کر ذمہ داریاں سونپنے کی ضرورت ہے، منشیات کا ناسور ہماری نوجوان نسل کو تباہ کررہا ہے اس کے سدباب کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس موقع پر مہمانان گرامی نے ڈرگ رہیبلیٹیشن سینٹر میں مقیم مریضان کے ساتھ مل کر پاکستان کی 76 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان میں جشن آزادی کی مناسبت سے تحائف تقسیم کئیے۔

سہہ روزہ تقریبات کے دوسرے روز آج 14 اگست صبح 10:30 بجے ای لائبریری ملتان میں مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے کے عنوان سے سکولز، کالجز اور یونیورسٹی کے طلباءو طالبات کے درمیان مقابلہ تقریر و ملی نغمہ منعقد ہونگے۔