ملتان،12 اگست(اے پی پی ):آزادی کے 76 سال مکمل ہونے پر ملتان ڈویژن میں رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں۔اس سلسلے میں ای خدمت سنٹر میں ہری جھنڈیوں کی بہار میں تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر انجینئر عامر خٹک نے جشن آزادی کیک کاٹا اور پودا لگا کر ملکی ترقی و سلامتی کیلئے دعا بھی کی۔
اس موقع پر کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہاکہ جشن آزادی ہمیں وطن عزیز کیلئے عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،پوری قوم اس دھرتی کیلئے جانیں قربان کرنے کا عزم رکھتی ہے۔یوم آزادی بھرپور ملی جذبے کے پرامن اظہار کا دن ہے۔دنیا جان لے کہ کوئی طاقت اس مملکت خداداد کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔
منیجر ای خدمت سنٹر عبد الروف نے کہا کہ یہ دن نئی نسل کو آزاد وطن کیلئے کی گئی جدوجہد یاد دلانے کا دن ہے،جشن آزادی تجدید عہد کا دن ہے۔
تقریب میں ملی نغموں نے شرکاءکا جوش دوبالا کردیا۔