ملتان، 10 اگست(اے پی پی ): ڈویژنل انتظامیہ نے 76ویں یوم آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت جشن آزادی کی تقریبات بارے انتظامیہ و پولیس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔کمشنر عامر خٹک نے تمام محکموں کو تقاریب کے اہتمام کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کی رات 12 بجے ڈویژن بھر میں جشن آزادی فائر ورکس کیا جائے گا جبکہ ملتان میں دمدمہ پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔
کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ 14 اگست کو گھنٹہ گھر چوک پر پرچم کشائی کی جائے گی جبکہ مرکزی تقریب گھنٹہ گھر چوک ، سٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔14 اگست رات 8 بجے ڈویژن بھر میں شاندار میوزیکل پروگرام کرایا جائے گا۔محکمہ سپورٹس میراتھن دوڑ،سائیکل ریس سمیت مختلف مقابلے منعقد کروائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنے دفاتر پر قومی پرچم لہرائیں جبکہ سرکاری و اہم نجی عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔ تقاریری مقابلے،ثقافتی سٹال بھی لگائے جائیں ۔
عامر خٹک نے کہا کہ ڈویژن کی تمام مرکزی شاہراہوں پر سبز ہلالی پرچم کی بہار ہونی چاہیے۔ داخلی خارجی راستوں پر قومی پرچم لگائے جائیں اور چراغاں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں شہری پارکوں کا رخ کریں گے ۔ پی ایچ اے پاکوں میں جھولوں کی سیفٹی بارے سرٹیفکیٹ جمع کروائے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر نے کہا کہ پاکستان کا 76ویں جشن آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور ضلع بھر میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
ڈی جی ایم ڈی اے زاہد اکرام نے بتایا کہ میٹرو بسوں اور روٹس کو سجایا جائے گا۔ڈی جی پی ایچ اے آصف رؤف نے بتایا کہ پی ایچ اے مختلف چوکوں کی سجاوٹ کرے گا۔ مرکزی تقریب میں شہریوں کو پودے مفت فراہم کئے جائیں گے۔
کمشنر عامر خٹک نے ٹریفک پولیس کو ٹریفک مینجمنٹ کرنے کی ہدایت کی جس پر سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے بتایا کہ یوم آزادی پر ون وہیلنگ، بغیر سلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے،یوم آزادی پر کسی قسم کی ہلڑ بازی کی اجازت نا ہوگی۔
ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد ، ڈائیریکٹر لوکل گورنمنٹ ظہور حسین، وی سی نشتر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف،مختلف محکموں کے سربراہان موجود تھے۔