ملتان ؛ کاٹن انسپکٹرز پنجاب و سندھ میں کاٹن کنٹرول ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،ڈائریکٹر پاکستان کاٹن اسٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ

26

ملتان ،09 اگست (اے پی پی ):ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد کاٹن انسپکٹرز پنجاب و سندھ میں کاٹن کنٹرول ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔یہ بات ڈائریکٹر پاکستان کاٹن اسٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر تصور حسین ملک نے پی سی ایس آئی کے زیر اہتمام دس روزہ تربیتی پروگرام برائے کپاس کی گریڈنگ اور کلاسیفکیشن کی اختتامی تقریب کے موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تربیتی پروگرام میں محکمہ زراعت توسیع پنجاب وسندھ، پی سی جی اے اور پی سی بی اے کے 40تربیتی شرکاءنے حصہ لیا۔ تقریب سے کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی ملک سہیل طلعت، ٹیکنیکل ایکسپرٹ عابد زیدی واجمل چغتائی، ریجنل انچارج پی سی ایس آئی سید کلیم الدین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے اس اہم تربیتی پروگرام کے انعقاد پر پی سی ایس آئی، وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ حسن ظفر اور جوائنٹ سیکرٹری فوڈ سکیورٹی اعجاز احمد باجوہ کی خصوصی کاوشوں کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

ڈاکٹر تصور حسین ملک کا کہنا تھا کہ کپا س کی درجہ بندی کے ذریعے جنرز کو ان کے بہتر گریڈز کے مطابق اچھا معاوضہ، کسان کو بہتر پھٹی کے اچھے پیسے اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو ان کی ضروریات کے مطابق اچھی کاٹن ملے گی۔ وفاقی سیکرٹری برائے وزرات نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ حسن ظفرکی خصوصی ہدایات پر پی سی ایس آئی اور کاٹن کوالٹی ایشورنس سسٹم کی تنظیم نو کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ کاٹن گریڈنگ اور سلیکشن کے تربیتی پروگرامز کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا جبکہ کپاس کی درجہ بندی کے ذریعے منصفانہ قیمتوں سے کاشتکاروں کو مناسب معاوضہ بھی ملے گا۔اس کے ساتھ ساتھ آپریشنل کارکردگی میں اضافہ، ضیاع میں کمی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

 ڈاکٹر تصور کا یہ بھی کہنا تھا کہ کپاس ہماری آئی ایم ایف ہے ،ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد کاٹن انسپکٹرز پنجاب و سندھ میں کاٹن کنٹرول ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور تربیتی پروگرام سے استفادہ حاصل کرنے کے بعد کاٹن انسپکٹرز پنجاب وسندھ میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے فیکٹریوں میں موجود کاٹن کوالٹی سسٹم کو گریڈنگ اور کلاسنگ کے ذریعے کپاس کی کوالٹی میں بہتری اور پائیداری لائیں گے ۔

کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی ملک سہیل طلعت کا تربیتی شرکاءسے کہنا تھا کہ کپاس کی منڈی میں مسابقتی رہنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی فیکٹریوں میں کپاس کی درجہ بندی کے موثر نظام کو بہتر بنانے اور لاگو کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں۔

ٹیکنیکل ایکسپرٹ عابد زیدی کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے کپاس کی درجہ بندی کی تکنیکوں میں ان کے علم اور مہارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی، جو ہماری صنعت کو بہترین فروغ دے گی۔ اس دوران تربیتی شرکاءنے بھی اپنی ٹریننگ کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہیں تربیتی پروگرام کے مختلف سیشنز سے سیکھنے کو بہت کچھ ملا۔ تقریب کے اختتام پر تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے تربیتی شرکاء میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔