پانچویں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سپورٹس سائیکل ریلی کے شرکاء چھٹے مرحلے میں گوجر خان سے راولپنڈی پہنچ گئے

6

راولپنڈی،09اگست  (اے پی پی):پانچویں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سپورٹس سائیکل ریلی کے شرکاچھٹے مرحلے میں گوجر خان سے راولپنڈی پہنچ گئے۔ تحصیل آفس گوجر خان سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں فرخ ریاض ، چوہدری عامر خورشید و دیگر نے سائیکل ریلی کو رخصت کیا جبکہ جائے شہادت بے نظیر بھٹو راولپنڈی میں پی پی پی راولپنڈی سٹی کے صدر راجہ کامران زین و دیگر نے ریلی کا استقبال کیا اور سائیکل سواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

جنرل سیکرٹری پیپلز سپورٹس ونگ سینٹرل پنجاب صابر علی قصوری نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سائیکل ریلی کے ساتویں مرحلے کا آغاز (کل)  جمعرات کو جائے شہادت بے نظیر بھٹو راولپنڈی سے ہو گا اور دن ایک بجے سائیکل ریلی پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ پہنچے گی جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری سائیکل سواروں کو خوش آمدید کہیں گے ۔ سائیکل ریلی دن 2 بجے جناح سپورٹس کمپلیکس ، اسلام آباد پہنچے گی۔ اس کے بعد سائیکل ریلی سپیکر ہاؤس کے لئے روانہ ہو گی اور ریلی کے شرکاء اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کریں گے ۔ صابر قصوری نے مزید کہا سائیکل ریلی کے شرکاء 14اگست کو اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہر سال بھلے شاہ سپورٹس اکیڈمی اور پیپلز سپورٹس ونگ کے زیر اہتمام سپورٹس سائیکل ریلی کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔