اسلام آباد،31اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور ٹیکنالوجی سے پیدا ہونےوالے چیلنجز کے لئے تیار رہنا ہوگا،پاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے پہلے دس ممالک میں ہوتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو این ڈی آرایم ایف کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی کے لائحہ عمل کی تشکیل اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔ موسمیاتی تبدیلی اور ٹیکنالوجی سے پیدا ہونےوالے چیلنجز کے لئے تیار رہنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے پہلے دس ممالک میں ہوتا ہے ۔ پاکستان کو پچھلے سال تاریخ کے تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا اور کہا کہ ماحولیاتی تغیرات کے اثرات سے بچنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ سرمایہ کاری کے شعبہ کو مزید مضبوط بنایا جائے ۔