میرپورخاص،06اگست(اے پی پی): ڈپٹی انسپکٹر جنرل میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر نے “یوم شہدائے پولیس” کے موقع پر شہداء پولیس کے ورثاء اور فیملیز سے ملاقات کی اور سندھ پولیس کے سینکڑوں شہداء کی بے مثال قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ذوالفقار علی مہر نے کہا کہ قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے، سندھ پولیس کے ماتھے کا جھومر اور قوم کے ہیروز ہیں، جنہیں محکمہ پولیس کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس ہر سال 4 اگست کو پولیس شہداء دن کے طور پر مناتی ہے اور آج کا دن شہداء کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے۔
ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کا مزید کہنا تھا کہ میں ان شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کئے، میں ان شہداء کے خاندانوں، والدین اور بچوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جن کے پیاروں نے شہادت کا عظیم مقام حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت سربراہ میرپورخاص رینج، پولیس شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے، خوشی اور غم کے ہر موقع پر محکمہ پولیس اور فورس اپنے شہداء کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ڈی آئی جی میرپورخاص رینج اور ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ( ر) اسد علی چوہدری کی جانب سے شہداء کے ورثاء میں اسناد اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔