لاہور،12اگست (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں ہفتہ کو اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلی محسن نقوی نے نشہ آور اشیا بیچنے اوراستعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈائون کاحکم د یتے ہوئے کہا کہ منشیات سپلائی کرنے والے بڑے ما فیا کوقانون کے شکنجے میں لایاجائے۔
وزیراعلی نے پولیس کو ہدایت کی کہ سکولوں اورکالجز میں منشیات فروشی کو ہر قیمت پر روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات کے مشن کو سنجیدگی سے لینا ہوگا،آئس اور دیگر منشیات کی وجہ سے اخلاقی برائیاں جنم لے رہی ہیں اورسڑکوں کے اطراف پر منشیات کے عادی افراد کی موجودگی الارمنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف اوردیگر اداروں کے اشتراک سے منشیات کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
اجلاس میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لئے خصوصی سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا،نشے کے عادی افراد کو قیام و طعام اور علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی،محکمہ صحت نشے کے عادی افراد کی مستقل بحالی کے لئے ڈاکٹر، طبی عملہ اور ادویات فراہم کرے گاجبکہ محکمہ سوشل ویلفیئر نشے کے عادی افراد کیلئے قیام و طعام اور دیگر انتظامات کرے گا،پولیس نشے کے عادی افراد کی نقل وحرکت محدود بنائے گی اور سکیورٹی مہیا کرے گی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے رائیونڈ روڈ پر منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے خصوصی سنٹر کو فوری فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں شامکے بھٹیاں میں بھی منشیات سے بحالی کا مرکز قائم کرنے پر غور کیا گیا۔
صوبائی وزرا ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری صحت،کمشنرلاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر راولپنڈی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہو ئے۔