لاہور، 17 اگست(اے پی پی): نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی آٹھویں سنڈیکیٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے شرکت کی۔ رجسٹرار یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جنید رشید نے سنڈیکیٹ اجلاس کے ایجنڈے کے مندرجات پیش کئے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس جاوید اقبال نے یونیورسٹی کے بجٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے ساتویں سینڈیکیٹ اجلاس کے تمام فیصلوں کی توثیق کردی۔ ساتویں سنڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ سنڈیکیٹ اجلاس کے دوران مختلف قانونی عہدوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ اجلاس میں ساتویں سنڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں کی منظوری کے علاوہ اکیڈمک کونسل نے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دی۔ ساتویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ اجلاس کے دوران یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے بارے میں آئی ڈی پی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ہم چلڈرن ہسپتال لاہور کا لیب کلیکشن سنٹر بنانے جا رہے ہیں، اس حوالے سے ایم ڈی چلڈرن ہسپتال کو فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اجلاس نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں کالج آف فارمیسی کے قیام کے لیے ورکنگ پیپر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کے لیے جدید تحقیق جاری رکھے گی
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن شاہدہ فرخ، پروفیسر ڈاکٹر ساجد مقبول، پروفیسر ڈاکٹر طاہر، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر جنید رشید، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ مقبول، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، ڈائریکٹر فنانس جاوید اقبال اور آئی ڈی پی افسران نے بھی شرکت کی۔