نیویارک کی ایک شاہراہ کو “علامہ اقبال ایونیو” کا نام  دے دیا گیا،  سفیر مسعود خان کی صدر اے پی اے جی کو مبارکباد

43

نیویارک،09اگست (اے پی پی ):  پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے نیویارک کی ایک اہم شاہراہ کو علامہ اقبال ایونیو کا نام دے دیا گیا ۔علامہ محمد اقبال ایک بین الاقوامی سطح کی شخصیت اور پاکستانی قومیت کی علامت ہیں۔ یہ علامہ اقبال ہی تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا تھا جو 1947 میں شرمندہ تعبیر ہوا۔ نیو یارک کی شاہراہ کو پاکستان کے قومی شاعر کے نام سے منسوب کیے جانا نہ صرف نیو یارک بلکہ پورے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے فخر کا باعث ہے ۔ یہ اقدام پاک امریکہ تعلقات میں مضبوطی کا باعث ہوگاـ

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے نیو یارک کی ایک شاہراہ کو”علامہ اقبال ایونیو” کا نام دیئے جانے پر صدر امریکن پاکستان ایڈووکیسی گروپ علی راشد کو مبارک باد دی ہے۔

سفیر پاکستان نے صدر اے پی اے جی علی راشد کو پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور امریکہ میں پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے پرعزم کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر نیویارک سٹی کونسل کی سپیکر ایڈرین ایڈمز نے کہا کہ جوں جوں ہم پاکستان کے یوم آزادی کے قریب پہنچ رہے ہیں مجھے 109 ویں سٹریٹ اور 101 ویں ایونیو کو علامہ اقبال ایونیو کے نام سے منسوب کرنے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو اپنے وقت کے معروف شاعروں، اسکالروں اور رہنماؤں کے طور پر سراہا گیا، علامہ اقبال کے کام اور وژن نے پاکستان کو ایک آزاد ملک کے طور پر تشکیل دیا۔ ان کی میراث آج بھی متحرک پاکستانی کمیونٹی میں زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر فخر ہے، جس نے ہمارے علاقے کی ترقی، علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو باضابطہ طور پر تسلیم کرانے کے لیے کوشاں ہے۔اس موقع پرامریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے بانی اور صدر علی ارشد نے کہا کہ 109 سٹریٹ اور 101 ایونیو کا مشترکہ نام ‘علامہ اقبال ایونیو رکھنا ، نیویارک اور پورے امریکہ میں پاکستانی امریکیوں کے لیے ایک یادگار کارنامہ ہے جو پاکستانیوں کی قربانیوں، جانفشانی اور استقامت کا مظہر ہے۔