تعلیم کے شعبے میں تعاون پاک امریکہ تعلقات کا ایک اہم جز ہے، مسعود خان

15

واشنگٹن ، 09 اگست (اے پی پی):امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون پاک امریکہ تعلقات کا ایک اہم جز ہے تعلیم دونوں ممالک کے نوجوانوں کو جوڑ رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مسعود خان نے گلوبل- یوگراڈ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکہ آنے والے  54 پاکستانی طلباء کے گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مسعود خان نے کہا کہ پاک یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کی تعداد 39000 تک پہنچ گئی ہے یہ ایک بہت بڑا نیٹ ورک ہے۔ ہر سال لگ بھگ 1000 طلبا، پیشہ ور افراد، ماہرین تعلیم، اعلی تعلیم کے منتظمین، صحافی اور کاروباری افراد امریکہ آتے ہیں۔ تعلیمی سال 2021-22 کے دوران تقریبا 8,000 پاکستانی طلبا کا امریکہ میں داخلہ ہوا۔ یہ پچھلے سال کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنوبی اور وسطی ایشیا فلبرائٹ پروگرامز کی برانچ چیف جولیا فائنڈلے نے پاکستانی طلبا کا امریکہ میں خیرمقدم کیا۔پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے عوامی سطح پر تبادلے اور تعلیم کے شعبے میں تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔