وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ میں چینج مینجمنٹ اقدام کے تحت ڈیجیٹائزڈ سسٹم کا آغاز کردیا

9

اسلام آباد،1اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ میں چینج مینجمنٹ اقدام کے تحت ڈیجیٹائزڈ سسٹم کا آغاز کردیا۔ وزیر خارجہ نے منگل کو یہاں ڈیجیٹائزڈ سسٹم کے آغاز اور سولرائزیشن پروگرام کے سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر خارجہ یہ میرا منشور تھا کہ وزارت خارجہ کو بہترین بنایا جائے اور اس ضمن میں بیرون ملک پاکستانی مشنز اور دفتر خارجہ کے درمیان بہترین رابطہ قائم کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ میں مجموعی طور پر 51 منصوبوں پر کام کیا گیا، وزارت خارجہ میں19 منصوبے تکمیل کو پہنچے ہیں جبکہ 25 پر کام جاری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فارن سروس اکیڈمی، ای میلنگ، پبلک ڈپلومیسی اور کونسلر سروسز سمیت بیشتر منصوبوں میں بہتری لائی گئی ہے، ڈیجیٹیلائزیشن کے منصوبہ کے تحت ہم نے مختلف انتظامی شعبوں میں بہتری لائی ہے جبکہ ایچ آر، فنانس سمیت ای میل سسٹم کو ڈیجیٹیلائز کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں وزارت خارجہ میں شمسی توانائی سے فائدہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، شمسی توانائی کے منصوبے پر چین کے مشکور ہیں۔

 وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے وزارت خارجہ کی نئی ویب سائٹ بھی ڈویلپ کی ہے، چاہتے تھے کہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہو جو عام لوگوں کے لئے باآسانی قابل رسائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لئے اقدامات کئے، ایف اے ٹی اے کی گرے لسٹ سے وقت سے پہلے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعال نہ کرنے دیں، افغانستان کے مسائل کو ہم بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں، مسائل کے حل کے لئے افغانستان کی ہر طرح سے مدد کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ روس۔ یوکرین جنگ کے باعث دنیا کو غیر معمولی حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔