ٹنڈومحمدخان میں یوم آزادی کا دن شایان شان طریقے سے منایا جائے گا؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

18

ٹنڈومحمدخان،09 اگست(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سلیم احمد جتوئی  نے کہا کہ 14اگست جشن آزادی کا دن شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔

 یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال ٹنڈومحمدخان میں مختلف محکموں کے افسران سے خطاب کے دوران کہی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منائیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریب کا آغاز ڈی سی کمپلیکس کے احاطے میں قومی پرچم لہرا کر اور سلامی پیش کر کے کی جائے گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے اور چراغاں کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ٹاؤن کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر تمام تحصیلوں کے ہیڈ کوارٹرز میں اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں اسکولوں میں تقریری مقابلے، قومی نغموں سمیت جشن آزادی کے عنوان سے ٹیبلوز پیش کیے جائیں گے تاکہ اسکول کے بچوں کو آزادی اور غلامی کے فرق سے روشناس ہوسکیں اور بچوں میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار ہو سکے۔

 اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عبدالحلیم لغاری، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نعیم احمد میمن، ڈی ایس پی محمد خان زئنور ، چیف میونسپل آفیسر اعجاز ملاح ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، سرکاری اسکولوں و کالجوں کے پرنسپلز، پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔