پاراچنار؛جڑانوالہ واقعہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ، ملوث شرپسند عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ

11

 پاراچنار،20اگست(اے پی پی):مسیحی برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں ہونے والے واقعے پر پاراچنار میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پاراچنار پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پادری ریاض مسیح، ملک جیمز مسیح، پیپلز پارٹی کے انفارمیشن سیکرٹری تنویر حسین، چئیرمین معین حسین، ایم ڈںلیو ایم شفیق حسین، سیاسی رہنما نصرت حسین، مسلم علی، دسترخوان امام حسن کے چئیرمین محمد مہدی نے کہا جڑانوالہ میں جو ظلم ہوا ہے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس غم اور ظلم کی گھڑی میں مسیحی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ظلم میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔انہوں نے کہا  کہ پاراچنار کی عوام کی طرف جڑانوالہ کی مظلوم عوام کیلئے چندے کا مہم  بھی شروع کیا ہے، جو جلد سے جلد جڑانوالہ کی عوام کو پہنچا دی جائے گی۔

پادری ریاض مسیح نے کہا کہ ہم ریاست پاکستان کے ہر دکھ درد میں شریک ہے، اور قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ اگر مسیحی برادری ساتھ نہ دیتے تو پاکستان نہیں بن سکتا تھا۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کی دہشت گرد عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے سزا دی جائے۔

پادری ریاض مسیح نے پاراچنار عوام پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ ہر دکھ درد میں پاراچنار کے عوام طوری، بنگش ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،انہوں نے پاراچنار کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔