پنجاب پولیس اور چینی صوبے جیانگ سو کے درمیان پولیس  امور میں تعاون بارے ایم او یو کا فیصلہ

8

لاہور،2اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب میں آنے والے تمام غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی ماہرین، سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کی فول پروف سکیورٹی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

 ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے چینی قونصل جنرل زا شیرن کی قیادت میں سینئر چینی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جدید ترین تربیت و ساز و سامان سے لیس سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی شہریوں کی سکیورٹی، رہائش گاہوں، دفاتر اور ورکنگ سائٹس کی سکیورٹی انتہائی جانفشانی سے سر انجام دے رہی ہے۔

 ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے، اس لازوال دوستی کے تسلسل میں پنجاب پولیس اور چینی پولیس کے درمیان انفارمیشن شئیرنگ اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور چینی صوبے جیانگ سو کے درمیان پولیس امور میں تعاون بارے ایم او یو کا فیصلہ کیا گیا ہے اور چینی پولیس کے افسران و دیگر سٹاف پر مشتمل وفد عنقریب پنجاب کا دورہ کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران چینی پولیس کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن کیلئے چینی زبان سیکھ رہے ہیں۔