پچھلی حکومت نے نوجوانوں کو فیس بک،ایمازون سے نکال کر مرغی اور انڈوں کے پیچھے لگایا ، ہم نے دوبارہ سے ان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ تھمائے ہیں؛ احسن اقبال

24

نارووال،06اگست(اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا ہے کہ آئی ٹی ایکسپرٹس کی بدولت پاکستان کا فری لانسنگ میں تیسرا نمبر ہے،ہم نے چائنہ کے تعاون سے اپلائیڈ میتھیمیٹکس،کمپیوٹیشنل فزکس اور نیونو ٹیکنالوجی سینٹر کا آغاز کیا، پچھلی حکومت نے نوجوانوں کو فیس بک،ایمازون سے نکال کر مرغی اور انڈوں کے پیچھے لگا دیا، آج ہم نے دوبارہ سے اپنے بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ تھمائے ہیں تاکہ ہمارے بچے ماڈرن ڈیجیٹل ورلڈ میں اپنا مقام پیدا کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت یونیورسٹی آف نارووال،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سب کیمپس نارووال اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سب کیمپس نارووال کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال چودھری نے 3 یونیورسٹیز کے کل 25 طلبہ میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ پروگرام 2023 کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ھوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری  نے کہا کہ آج میرٹ کی بنیاد پر جن بچوں کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں بلاشبہ یہ بچے مبارکباد کے مستحق ہیں،یہ لیپ ٹاپ آپکو صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر دیئے گئے ہیں، میرٹ ہی ہمارا طرہ امتیاز ہے، جبکہ یہاں بہت سے لوگ میرٹ کا راگ آلاپتے رہے، میرٹ کا نام لینا آسان ہے مگر اس پہ عمل کرنا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں زیادہ لیپ ٹاپ بچیوں کو ملے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ اب ہمارا مستقبل ہماری بچیوں کے ہاتھ میں ہوگا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ ہماری آبادی کا 50 فیصد حصہ جو خواتین پر مشتمل ہے آج یہ تعلیم کے میدان میں اپنی محنت کے ذریعے اپنا نام پیدا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دور ڈیجیٹل انوویشن کا دور ہے،اسی بنیاد پر ہم نے ویژں 2025 کا آغاز کیا تھا ہم نے آنے والے دنوں میں ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنے بچوں کو مقابلہ کرنے کے حوالے سے تیار کرنے کے لئے لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ اس لیپ ٹاپ کا بہتر استعمال کریں اور ریسرچ کریں تاکہ آپ کا کریئر بہتر سے بہترین بن سکے،سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی طرف دھیان دیں بجائے سوشل میڈیا پر تخریب کاری پر مبنی پروپیگنڈا کا شکار ہوں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اندر یہ صلاحیت ہونی چاہیئے کہ آپ ملنے والی انفارمیشن میں سے اپنے آزاد دماغ کے ذریعے سوچ سمجھ کر اچھے اور برے کا فرق کر سکیں۔آپکو پتہ ہے کہ پاکستان میں 2018 میں سوشل میڈیا کے ذریعے ایک تبدیلی لائی گئی جس کا فیزیکل ورلڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی کے بڑے منصوبوں کے ساتھ ساتھ موٹرویز کے جال بچھائے ہم نے صرف سوشل میڈیا پر باتیں نہیں کیں بلکہ ہم نے کام کر کے دیکھایا اور آج نتائج آپ کے سامنے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نارووال جو کہ پسماندہ ضلع تھا آج اس کے بچے اپنے ہی شہر میں اپنی تعلیم مکمل کرکے گاون پہن کر اپنی ڈگریاں وصول کر رھے تھے اور یہ میرے خواب کی تعبیر تھی۔4سال تک التوا کا شکار ہونے والے یونیورسٹی آف نارووال کے پہلے کانووکیشن کا انعقاد ہماری محنت سے ہماری ہی حکومت میں ممکن ھو سکا۔انہوں نح کہا کہ تبدیلی سرکار نے تو ہماری یونیورسٹیز کے تمام تر پراجیکٹس پر کام کو روک دیا تھا۔آج وہ سلسلہ دوبارہ سے شروع ہو گیا ہے، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سب کیمپس نارووال میں پاکستان کا پہلا انوویشن سینٹر بنایا گیا ہے،ہم آنے والے دنوں میں اس یونیورسٹی کو بین الاقوامی سطح کی بڑی یونیورسٹیوں کی صف میں کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ہم نے نیشنل سینٹر فار ہیومن مینوفیکچرنگ،نینوفزکس اور کمپیٹیشنل سینٹر اور یونیورسٹی آف نارووال میں اشفاق احمد ریسرچ سینٹر بنا کر آپنی آنے والی نسلوں کی سائنس اور ٹیکنالوجی کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے، آج یونیورسٹی آف نارووال میں کئی ایک نئی بلڈنگز پر کام جاری ہے اور انشاءاللہ بہت جلد جب یہ مکمل ہو جائیں گی تو اس یونیورسٹی کا انفراسٹرکچر ملکی سطح پر سب سے بہتر ہوگا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا کہ ہماری حکومت نے بلوچستان اور فاٹا کے پسماندہ علاقوں کے بچوں کے لئے ہزاروں سکالرشپ کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔کسی سکالر نے کہا تھا کہ کسی ریاست کا مستقبل اس کے نوجوان کی تعلیم سے وابسطہ ہوتا ہے اور الحمدللہ ہم نے اپنی نئی نسل کے لئے انکی سمت کا تعین کردیا ہے۔ہم آپ نوجوان کو تمام تر ایسے مواقع دینا چاہتے ہیں کہ آپ اگلے 25 سالوں میں پچھلے 75سالوں کے نقصان کا ازالہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے نارووال یونیورسٹی بنانے کی کوشش کی تب ہمیں یہاں کے پرائیویٹ سیکٹر سے بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑھا تھا۔

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ جن لوگوں نے میرا انتخاب کیا ہے میں ان غریبوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے ہر قیمت پر یونیورسٹیوں کا قیام کروں گا، میرا عزم ہے ان یونیورسٹیوں سے بڑے بڑے ڈاکٹر، انجینئر، سائنسدان، بیوروکریٹس اور آفیسرز پیدا ہوں۔ھم نے اپنے بچوں کو گالی گلوچ کی بجائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لے کر جانا ہے ہم نے اپنے بچوں کو تخریب کار نہیں بلکہ کامیاب اور پر امن انسان بنانا ہے اور ہمارا عزم پاکستان کو ناقابل تسخیر معاشی قوت بنانا ہے۔

اس موقع پر  یونیورسٹی آف نارووال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن،رجسٹرار یو۔او۔این پروفیسر ڈاکٹر حسیب سرور،سابق ممبر صوبائی اسمبلی بلال اکبر خان،خواجہ محمد وسیم،سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران،اساتذہ،طلبہ،اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔