ملتان،04 اگست (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف رؤف خان نے کہا ہے کہ پی ایچ اے ملتان نے جشن آزادی کو بھر پور انداز سے منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس سلسلے میں آزادی شجرکاری مہم کے تحت 5ہزار درخت لگانے اور آزادی کے جشن کو دیگر سرگرمیوں کے ساتھ بھرپور انداز سے منانے کے لیئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف رؤف خان نے دولت گیٹ چوک پر آزادی شجرکاری مہم اور مون سون شجرکاری کے تحت پودے لگانے کے موقع پر کیا۔ آصف رؤف خان نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ پر لائیٹس اور آتش بازی اورچوکوں کی سجاوٹ خوبصورت لائٹس سے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مون سون شجرکاری کے تحت تین ہزار سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں،رواں ماہ دس ہزار درختوں کی شجرکاری مکمل کر لی جائے گی،سبز ہلالی پرچم کے ساتھ ساتھ سر سبز درخت بھی آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کریں گے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف رؤف خان نے کہا کہ شہر بھر میں گرین بیلٹس اور چوکوں پر شجرکاری کا آغاز کر دیا گیا ہے،رواں ماہ شہر کو بھرپور گرین کرنے کے لیئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔14اگست کی مناسبت سے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر آتش بازی بھی کی جائے گی اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کو خوبصورت روشنیوں سے آراستہ کیا جائے گا چوکوں پر سجاوٹ بھی کی جائے گی،میٹرو روٹ سمیت اہم شاہراہوں کو گرین کر رہے ہیں۔اُنھوں نے مزید کہا کہ ادارے کی تعمیر و ترقی کے لیئے محنت کرتے رہیں مثبت سرگرمیوں کے لیئے کوشاں ہیں،ماہ اگست میں شہریوں کو تفریح کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔