ڈیرہ غازیخان، 09 اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،ڈینگی پر بروقت قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی ڈیرہ غازیخان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بدلتے موسم میں انسداد ڈینگی کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل کیا جائے اور ڈینگی لاروا کو ٹریس کرنے کیلئے واٹر ٹینکس،ڈسپوزل سٹیشنز پر خصوصی توجہ دی جائے اس کے علاوہ تھرڈ پارٹی آڈٹ میں بھی بہتری لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ انسداد لاروا کی شکایات پر فوری ایکشن کیاجائے اور بچوں کو بھی انسداد ڈینگی کی آگاہی مہم میں شامل کیا جائے۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری نے انسداد ڈینگی کارکردگی بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں ڈینگی کے9کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور انسداد ڈینگی کی کارروائیاں نہ کرنے پر18مالکان کیخلاف مقدمات درج کروائے ہیں جب کہ ٹائروں کے ایک دکاندار کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔اجلاس میں اے ڈی سی محمداسدچانڈیہ،پی اے مشتاق احمد ٹوانہ،ڈاکٹر ادریس لغاری،ڈاکٹر علی ہاشم،ڈاکٹرکامران،عابدعلی،زبیرخان،ڈاکٹر نظام الدین،امیرحمزہ،خالد کریم قریشی،فرحان ملغانی،عزادارحسین بھی موجود تھے۔