ڈیرہ غازی خان؛آر پی او سجاد حسن نے تحصیل کوٹ چھٹہ میں عوامی خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا

17

ڈیرہ غازی خان،17 اگست(اے پی پی): ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ میں عوامی خدمت مرکز کا افتتاح کردیا گیا جہاں شہریوں کو 14 سے زائد سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔

انسپکٹر جنرل آف  پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے عوامی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے  ڈی  پی او  ڈیرہ غازی خان حسن افضل کے ہمراہ تحصیل کوٹ چھٹہ میں خدمت مرکز  کا افتتاح  کیا۔ آر پی او کے خصوصی احکامات پر پولیس سے متعلق دوردراز کے  شہریوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پولیس خدمت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر آر پی او نے خدمت مرکز پر شہریوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈی پی او  حسن افضل نے انہیں بریفنگ دی۔ پولیس خدمت مرکز  پر  شہریوں کو گمشدگی دستاویزات، ایف آئی آر کاپی، تجدید ڈرائیونگ لائسنس، اندراج گھریلو ملازم، کریکٹر سرٹیفیکیٹ، ڈرائیونگ لرنرپرمٹ، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ، جرم کی اطلاع، موبائل فون ویری فیکیشن سروس، جنرل پولیس ویری فیکیشن، گمشدہ بچوں کی رپورٹ، اندراج کرایہ داران، قانونی رہنمائی برائے تشدد خواتین اور ٹریفک سروسز سمیت 14 سے زائد سہولیات ایک چھت تلے فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔

آر پی او نے خدمت مرکز کے قیام کو عوامی خدمت میں ایک شاندار منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس خدمت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں جو انتہائی کامیابی کے ساتھ عوام کو قابل قدر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کوٹ چھٹہ اور گردونواح کےعلاقہ جات کے رہائشی پولیس سے متعلق تمام تر سہولیات اب با آسانی حاصل کر سکیں گے۔