ڈیرہ غازی خان،19اگست(اے پی پی):پولیس ایجوکیٹر سکول ڈیرہ غازی خان میں اساتذہ کے لئے سٹاف روم کی منظوری کے بعد ڈی پی او حسن افضل نے تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات پر پولیس ایجوکیٹر سکول میں بہترین تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ ٹیچر سٹاف کو بہترین اور قابل عزت ماحول فراہم کرنے کے لیے سٹاف روم کی تعمیر کی منظوری دی گئی ۔اس سلسلہ میں ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر )سجاد حسن خان کے احکامات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن افضل نے پولیس ایجوکیٹر سکول میں سٹاف روم کی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔تقریب میں اے ڈی آئی جی رانا جان محمد اور دیگر پولیس آفیسران شریک ہوئے ۔
اس موقع پر ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ تعمیراتی کام مقرر کردہ مدت میں ہر صورت مکمل کیا جائے اور تعمیر کے دوران معیار کا خیال رکھا جائے اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹاف روم کی تعمیر کامقصد ٹیچنگ سٹاف کو بہترین اور قابل عزت ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ احسن طریقہ سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔
ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ پولیس ایجوکیٹر سکول میں بہترین کوالیفائیڈ ٹیچرز کی زیر نگرانی میں بچوں کو تعلیم دی جا رہی ہے،بچے قوم کا مستقبل ہیں جنہیں بہترین تعلیمی ماحول فراہم کریں گے۔