ملتان،04 اگست(اے پی پی ): پاکستان کاٹن سٹینڈرڈانسٹی ٹیوٹ، ملتان کے زیر انتظام کاٹن سلیکٹرز نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کا مطالعاتی دورہ کیا،جہاں کاٹن سلیکٹرز تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔جس میں صوبہ پنجاب و سندھ کے محکمہ زراعت توسیع کے عملہ و آفیسران، پاکستان کاٹن جنرز ایسو سی ایشن اور پاکستان کاٹن بروکرز ایسو سی ایشن کے40کاٹن سیلیکٹرز نے پاکستان کاٹن سٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ کے ریجنل انچارج سید کلیم الدین کی سربراہی میں تربیتی پروگرام میں حصہ لیا۔
ڈاکٹر محمد نوید افضل سربراہ شعبہ ایگرانومی سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان نے تربیتی شرکاء کو ادارہ ہذا کے اغراض ومقاصد اور یہاں پر کی جانے والی کپاس سے متعلق تحقیقی سرگرمیوں اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ تربیتی شرکاء کومستقبل میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں کے پلان بارے بھی بتایا گیا۔
ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کاٹن سلیکٹرز کو کپاس کے لئے زمین کی تیاری، بیج کی تیاری، جڑی بوٹیوں کا تدار ک اور آلودگی سے پاک کپاس کی صاف چنائی کے حوالہ سے کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی پرخصوصی لیکچر بھی دیا۔
کاٹن سیلیکٹرز نے فارم مشینری،پنک بول وورم مینجر اس کی خصوصیات اور انسٹی ٹیوٹ کی مختلف ریسرچ لیبارٹریز کا دورہ بھی کیا۔ شرکاء نے خاص کر فائبر ٹیکنالوجی سیکشن میں ہونی والی تحقیقاتی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
سربراہ شعبہ فائبر ٹیکنالوجی سی سی آر آئی ملتان محمد الیاس سرور نے شرکاء کو ایچ وی آئی مشین، کپاس کے ریشے کی خصوصیات کی جانچ پڑتال اور اسپننگ یونٹ کے بارے میں تفصیل سے بتایا،آخر میں کپاس کی جنگلی اقسام کے بلاک کا دورہ بھی کرایا گیا۔تربیتی شرکاء نے کپاس کے تحقیقی میدان میں ادارہ ہذا کے زرعی سائنسدانوں کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر پی سی ایس آئی کے ریجنل انچار ج کے ہمراہ عمران مجید ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی سی ایس آئی اور طالب حسین ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی سی ایس آئی بھی موجود تھے۔