کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں نا معلوم لاشوں کی شناخت کیلئے آن لائن سوفٹ ویئر کا افتتاح

45

لاہور، 03 اگست(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں نادرا کے اشتراک سے نا معلوم لاشوں کی شناخت کیلئے آن لائن سوفٹ ویئر، آرکائیو اور بوائز ہاسٹل میں نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نادرا اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے سافٹ ویئر کے اجرا پر ڈاکٹر سلمان کاظمی کو شاباش دیتا ہوں، اس سہولت کو میو ہسپتال میں سب سے زیادہ استعمال کیا جا سکے گا۔ اس سسٹم کو پنجاب بھر کے ہر ٹیچنگ، ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتال میں انسٹال کیا جائے گا۔

 پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ ڈی جی نادرا کو بھی اس کاوش پر سراہتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ نا معلوم ڈیڈ باڈیز کا میکنزم بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادارے اچھی روایات سے بنتے ہیں نادرا کا مقام اور معیار دنیا میں مانا جائے گا۔

 ڈی جی نادرا سہیل جہانگیرنے کہا کہ ہم پنجاب حکومت کے شکرگزار ہیں جس نے عوام کی بھلائی کا سوچا۔ ون ٹو ون میچنگ کی سہولت سے بہت ساری آسانیاں پیدا ہو سکیں گی۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور پروفیسر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز محمود ایاز نے اس موقع پر واٹر پیوریفیکشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔انھوں نے کہا کہ پلانٹ سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر تربیت ڈاکٹرز کو صاف پانی مہیا ہو سکے گا اور ہاسٹل میں مقیم 500 سے زائد ڈاکٹرز اس پلانٹ سے مستفید ہو سکیں گے۔

اس موقع پر  فیکلٹی ممبران،  ڈپٹی ڈائریکٹر محمد وقاص، ڈپٹی ڈائریکٹر ہز ڈو خالد شریف، ڈاکٹر سلمان کاظمی و دیگر افسران موجود تھے۔