گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤنتیز کرنےکاحکم

12

گوجرانوالہ26,اگست(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے کے احکامات جاری کئے۔ احکامات کی روشنی میں سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی سربراہی میں گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے تمام تھانہ جات میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے  دیں۔ پولیس ٹیموں نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے  گزشتہ دو روز میں 77 مقدمات درج کر کے ملز مان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے پچانوے کلو گرام چرس،تین کلو گرام ہیروئن،ڈیڑھ کلو گرام افیون اورتین سو ستاون لیٹر شراب برآمد کر لی۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور کسی کوبھی نوجوان نسل کے مستقبل کے معماروں کی زندگی کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ گوجرانوالہ اور وزیرآباد سے منشیات فروشی کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے۔ سی پی او نے بہتر کارکردگی پر ایس ایچ ا وز اور ان کی پولیس ٹیموں کو شاباش دی۔