لاہور، 10اگست(اے پی پی): سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد کی زیر صدارت یوم آزادی پر خواتین میں حقوق و قوانین اجاگر کرنے کیلئے خصوصی مہم کے انعقاد بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ وویمن ڈویلپمنٹ کی یوم آزادی پر خواتین کیلئے خصوصی آگاہی مہم کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو حقوق و سہولیات اور قوانین سے آگاہی دینے کیلئے 2 روزہ خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس یوم آزادی کو خواتین کی ترقی کے جشن کے عنوان سے منایا جائے گا۔
سمیرا صمد نے کہا کہ محکمہ وویمن ڈویلپمنٹ اس یوم آزادی کو عورتوں کی ترقی، آزادی، تعلیم اور حقوق سے منسوب کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم کیلئے ابلاغ کے مختلف میڈیم استعمال کیے جائیں گے، یوم آزادی کی خصوصی نشریات میں خواتین کی کامیابیوں سے متعلق ایکسکلوزیو سیگمنٹس رکھوائے جائیں گے۔
سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا صمد نے کہا کہ صوبہ بھر میں آگاہی مہم کے ضمن میں خصوصی پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری محمد نجیب سمیت وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔