لاہور, 31 اگست(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل لٹریسی ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت محکمہ خواندگی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم خواندگی کے حوالے سے تیاریوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی لٹریسی نے تمام متعلقہ کمیٹیوں سے انتظامات بارے بریفنگ لی۔ ڈاکٹر خرم شہزاد کو یوم خواندگی پر دیگر اضلاع سے طلبہ کی آمد اور ان کے قیام و طعام کے انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں یوم خواندگی کی مناسبت سے طلبہ کے درمیان ہونے والے پینٹنگ مقابلے کی شارٹ لسٹنگ اور پوزیشنز کے فیصلے کیلئے کمیٹی کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس ضمن میں ماہرین پر مشتمل حتمی ناموں پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں یوم خواندگی کے موقع پر وسیع پیمانے پر آگاہی مہم پر بھی گفتگو ہوئی اور پی ایچ اے کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ ڈاکٹر خرم شہزاد نے اجلاس کو ہدایت کی کہ خواندگی کے آگاہی پیغامات پر مبنی روڈ سائیڈ تشہیری مہم کی جائے۔ جائزہ اجلاس میں محکمہ خواندگی کے اساتذہ کیلئے تعریفی اسناد اور کیش پرائز دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ یوم خواندگی کی مرکزی تقریب میں سرکاری و نجی سیکٹرز سے شخصیات سمیت اکیڈمیا، این جی اوز کو بھی مدعو کرنے کی ہدایات دی گئیں۔