ملتان؛ ڈپٹی کمشنر کا گراں فروشوں کے خلاف بھرپور مہم چلانے کا فیصلہ

10

ملتان، 28ستمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رانا رضوان قدیر نے گراں فروشوں کے خلاف بھرپور مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی پرائس کنٹرول ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں روزانہ کی بنیاد پر جرمانے عائد کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تمام ضلعی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رانا رضوان قدیر نے کہا کہ بڑے ذخیرہ اندوزوں کی سپیشل برانچ کی مدد سے نشاندہی کرکے ایکشن لیا جائے گا جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر فوری ایف آئی آر درج کرائی جائے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عام شہری کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں اب سخت فیصلے لئے جائیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے حکم جاری کیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز منڈیوں سے عام مارکیٹ تک سستی اشیاءخوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔