پشاور،4 ستمبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ 75 سالہ سفارتی و دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ امریکہ و پاکستانی عوام کے درمیان تعلقات کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوتعینات امریکی قونصل جنرل شانٹی مور سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے پیر کو یہاں گورنر ہاؤس میں گورنر سے ملاقات کی ۔گورنر نے نوتعینات امریکی قونصل جنرل کو خیبر پختونخوا تعیناتی اور نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ تعلیم، توانائی، تجارتی سرگرمیوں، معاشی ترقی کی بہتری کیلئے دوطرفہ تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔
حاجی غلام علی نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے لانے کیلئے تعاون کرے، ساتھ ہی ضم اضلاع کے نوجوانوں کو مقامی قدرتی وسائل سے استفادہ، کاروبار کے آغاز کیلئے جدید مشینری و ٹیکنالوجی فراہمی میں تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تعلیمی شعبہ میں خصوصی اسکالرشپس ملنی چاہئیں، جبکہ صوبہ کی یونیورسٹیوں کو ریسرچ، انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجی کیلئے دوطرفہ پروگرام ہونے چاہئیں، چونکہ امریکہ ترقیاتی شراکتدار ہے، اسلئے غربت کےخاتمے کیلئے ٹھوس منصوبوں کا آغاز خوش آئیند ہو گا۔
امریکی قونصل جنرل نے بھی تعلیمی شعبہ، بالخصوص معذور طالبعلموں اور خواتین کی تعلیم سے متعلق گورنر کے ویژن کو سراہا اور تعلیمی شعبہ، معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے ماہرین تعلیم و بزنس کمیونٹی کے ساتھ ملکر مشترکہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی اور امریکی عوام و ادارے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا چاہتے ہیں۔