لاہور،16ستمبر (اے پی پی):پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 21ستمبرسے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہوگی۔
انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو کے چیف آرگنائزر عبدالحئی مہتا نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2023 ء21ستمبرسے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہوگی۔ نمائش کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ مسائل تو بے شمار ہوتے ہیں لیکن مسلسل کوششوں اور عزم صمیم سے ہر طرح کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں، سالانہ کانفرنسوں اور نمائشوں کے انعقاد سے اب ہم عالمی معیارکے برابر آچکے ہیں، سالانہ پولٹری کانفرنس اور نمائش کا سلسلہ 1998 سے شروع ہوااور اب 2023 میں 23ویں کانفرنس اور نمائش منعقد کی جا رہی ہے۔ پاکستان پولٹری ایسوسی اپنی درخشاں روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی پولٹری کا سالانہ شو عالی شان انداز میں منعقد کروانے جارہی ہے ۔ تین روز ہ سالانہ نمائش میں 300 غیر ملکیوں سمیت صنعت مرغبانی کے تمام شعبہ جات سے منسلک تقریبا6000 کاروباری افراد بھرپور شرکت کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2023 میں روزانہ تقریباً 30ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ صنعت مرغبانی سے وابستہ کمپنیوں کوسٹالز لگا کر اپنی پراڈکٹ کی تشہیر کا بہترین موقع ملتا ہے۔ اس سہ روزہ کانفرنس میں امسال گزشتہ سال کی طرح انٹریکٹو سیشنز کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے جس میں کالج یونیورسٹیوں کے پرنسپل ا وروائس چانسلر ، مختلف ٹی وی چینلز سے اینکرز شرکت کریں گے۔ پہلے اس سیشن میں صرف لاہور یونیورسٹیز کے طلبا حصہ لیتے تھے مگر اس سال پورے صوبہ پنجاب سے30یونیورسٹیاں کے طلبا اور طالبات حصہ لے رہے ہیں ،جوکہ نیوٹریشن اور پولٹری سے متعلق افواہوں کو رد کرنے کے متعلق سوالات کے جوابات دیں گے۔ اس میں اعلی حکومتی عہدیدران کے علاوہ گورنر پنجاب بھی شرکت کریں گے۔