اوکاڑہ یونیورسٹی اور کینٹ کے اشتراک سے ڈویژن میں شجر کاری مہم کا آغاز

23

اوکاڑہ،04ستمبر(اے پی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ نے  کینٹ اور کیڈیٹ کالج اوکاڑہ کے اشتراک سے ڈویژن کی سطح پہ ایک وسیع شجر کاری مہم کاآغاز کیا ہے۔ اس مہم میں تمام تحصیلوں اوراضلاع کے سرکاری سکولوں، کالجز اور جامعات میں شجر کاری کی جائے گی جس کے انتظامات یونیورسٹی کے سینئرہارٹی کلچر آفیسر ڈاکٹر ندیم احمد  اور کینٹ اسٹاف مل کر کریں گے۔

 شجر کاری مہم کا آغاز اوکاڑہ یونیورسٹی سے ہوا،وائس چانسلر پروفیسر واجد اور کیپٹن نور سیعد آفریدی نے مل کر پودے لگائے،اس کے بعد رینالہ خورد کے اسکولز اور کالجز میں پودے لگائے گئے۔

 اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ پاک فوج   موسمیاتی تبدیلیوں کے برے اثرات کو شجر کاری کے ذریعےکم کرنے کےلیے کوشاں ہے اور اس عظیم مقصد میں اوکاڑہ یونیورسٹی ان کے شابہ بشابہ کھڑی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ اس مہم میں ایسے پودے متعارف کراوائے جا رہے ہیں جو کہ اس خطے میں شہد کی مکھیوں کی افزائش کو بڑھانے اور بائیوڈائیورسٹی کے نقصان کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق اپنے قیام سے ہے جامعہ اوکاڑہ شجر کاری میں پیش پیش رہی ہے جس کے نتیجے میں یہ پنجاب کے چند سر سبز و شاداب اداروں میں شمار ہوتی ہے۔ اس مہم میں استعمال ہونے والے زیادہ تر پودے کینٹ کی طرف سے دیے گئے جب کہ باقی یونیورسٹی کی اپنی نرسری پہ تیار کیے گئے ہیں۔