اوکاڑہ یونیورسٹی میں یوم دفاع کی تقریب، مقررین نے شرکاء کو اداروں کے خلاف پروپیگنڈا سے بچنے کی ترغیب دی

20

اوکاڑہ،06ستمبر(اے پی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی میں یوم دفاع کی مناسبت سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیاجس کا مقصدملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور نوجوان نسل کو شرپسند عناصر کی جانب سے ریاستی اداروں کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈا سے بچنے کی ترغیب دینا تھا، تقریب کا اہتمام ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر امجد علی نے کیا۔

 تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ افواج کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈا کی بیخ کنی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ اندرونی اور بیرونی قوتیں نوجوان نسل کے اذہان کو پراگندہ کرنے میں مصروف ہیں، ہم سب کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ فوج سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی آفیسر ان کمانڈ انٹرنل سکیورٹی میجر رحمان افضل تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں افواج پاکستان کی صلاحیتوں اور قربانیوں پہ بحث کی۔ انہوں نے بھی طلباء کو منفی پروپیگنڈا سے بچنے اور اس کا موثر جواب دینے کی ہدایت کی۔

دوسرے مقررین میں ڈگری کالج اوکاڑہ کے سابق پرنسپل ظفر علی ٹیپو اور فوجی فاونڈیشن اسکول رینالہ کے پرنسپل کرنل ریٹائرڈخالد نواز شامل تھے۔ انہوں نے بھی افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا تذکرہ کیا اور طلباء کو ترغیب دی کہ وہ معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرنے کےلیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

تقریب میں مختلف شعبہ جات کے طلباء نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں جس میں یوم دفاع کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی میں شجر کاری بھی کی گئی۔