اٹک؛ ربیع الاول کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے،کمشنر

9

اٹک،19ستمبر(اے پی پی ): کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جس میں سردار الانبیاء، رحمت للعالمین حضرت محمد ﷺ دنیا میں تشریف لائے، یہ مبارک مہینہ اتحاد ویگانگت کی بنیاد ہے اور جس کے ذریعے ہم طاغوتی قوتوں کو شکست فاش دے سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے ڈی سی آفس اٹک میں ربیع الاول کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل اٹک عدنان انجم راجہ،اراکین ضلعی امن کمیٹی وبین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اورمتعلقہ افسران نے شر کت کی۔

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اس مبارک مہینے میں بھر پور اتحاد و ایثار کا مظاہرہ کر یں جس کی تعلیما ت ہمار ے رسول حضرت محمد ﷺ نے امت مسلمہ کو دیں۔اس مقدس ماہ میں حضورﷺ کی آمد سے کفر کے اندھیرے چھٹ گئے اور پوری کائنات میں ہر طرف رحمت پھیل گئی۔انہوں نے کہا کہ اس اہم مہینے میں ضرورت اس ا مر کی ہے کہ تمام مکاتیب فکر کے افراد ایک جگہ اکٹھے ہوں جس کا درس ہمارے دین اسلام نے دیا ہے۔اٹک ہمیشہ امن و آشتی کا گہوارہ رہا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ یہ امن آئندہ بھی قائم رہے گا۔

اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اس سال ماہ مبارک سے متعلقہ تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔تمام اجتماعات کو بھر پور میونسپل سہولیات مہیاکی جائیں گی اور ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران اپنا بھر پور کر دار ادا کر یں گے۔

کمشنر راؤ عاطف رضا نے اجلا س کے شر کاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ضلع پولیس اٹک کی جانب سے ربیع الاول میں تمام مذہبی سر گر میوں کو فول پر وف سیکورٹی فراہم کی جائے گی،اس ضمن ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر خصوصی پلان تیار کر لیا گیا ہے اور اس پلان کے مطابق بھر پور عمل کیا جائے گا،اس کے علاوہ ضلعی اور تحصیل سطع پر کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں سے لمحہ بہ لمحہ تمام صورتحال کی سخت نگرانی کی جائے گی۔

اجلاس میں ممبران ضلعی امن کمیٹی نے اپنے سفار شات اور تجاویز پیش کیں،جن پر قانون کے مطابق عمل در آمد کی یقین دہانی کروائی گئی۔ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام مسالک ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ اس مبارک مہینے میں بھر پور تعاون کا مظاہرہ کریں گے۔