حب ،28 ستمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نور محمد مندوخیل کا کہنا ہے کہ بلوچستان ریذیڈینشل کالج اوتھل کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ،کالج کے طلباءہمارا مستقبل ہیں، ان کی مشکلات کو بہت جلد دور کرنے کی کوشش کریں گے، روڈ بلاک کرنا طلبہ کا کام نہیں طلبہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں بی آر سی اوتھل کے مسائل کے حوالے سے ملاقات کرنیوالے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ میرے آفس کے دروازے عوام کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں علاقے کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نور محمد مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان ریذیڈینشل کالج اوتھل میں جاری منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل پہنچانے کیلئے ٹھیکیدار اور دیگر ذمہ داران سے جلد ایک اہم میٹنگ منعقد ہوگی تاکہ کالج کے بنیادی مسائل حل ہوں،تعلیم کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بی آر سی اوتھل کے طلبہ کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، انشاءاللہ ان مسائل کو ضلعی انتظامیہ اعلیٰ حکام تک پہنچانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔
بی آر سی کالج اوتھل کے طلبہ وفد نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کو کالج کے بنیادی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کالج ہاسٹل میں ایک ہفتے سے بجلی منقطع کردی گئی ہے جس سے شدید گرمی میں طلبہ پریشان حال ہیں ،کالج کو بنے پانچ سال ہوگئے ہیں لیکن اساتذہ کی کافی کمی کا سامنا ہے، سائنس لیب ،کمپیوٹر لیب ،کھیلوں کیلئے گراونڈ کی عدم دستیابی سے شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔بی آر سی کالج کے زیر تعمیر طلبہ ہاسٹل کا کام بھی ٹھیکیدار نے ادھورہ چھوڑا ہوا ہے ،یہ ہاسٹل مکمل ہو تو بچوں کی مشکلات کچھ کم ہوجائے لیکن کالج کے تمام ترقیاتی منصوبے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کی سست روی کے سبب بند پڑے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے طلبہ وفد کے مسائل غور سے سنے اور انہیں حل کرانے کی بھر پور یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بی آر سی اوتھل کا جلد تفصیلی دورہ کروں گا۔
اس موقع پر ایس ایس پی لسبیلہ کیپٹن(ر) نوید عالم اے ڈی سی ریونیو نعیم عمرانی پرنسپل بی آر سی اوتھل سید اشرف شاہ ایس ایچ او اوتھل جان محمد جاموٹ بھی موجود تھے۔