بھکر،24ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے مختلف فرٹیلائزرز دوکانوں کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کھادوں کی کنٹرول ریٹس پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر کے کھاد ڈیلرز کی طلب و رسد کے نظام پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے تاکہ کسی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا اوور چارجنگ نا ہونے پائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیلر حضرات یوریا،ڈی اے پی ،نائٹروفاس اورامونیم نائٹریٹ کی اپنی مطلوبہ طلب اور سیل کا ریکارڈ ہمہ وقت مرتب رکھیں مذکورہ کھادوں کے ریٹس ڈیلرز اپنی دکانوں میں نمایاں جگہ پر لکھیں۔انہوں نے کہا کہ کھادوں کی اوور چارجنگ یا ذخیرہ اندوزی پر قطعی طور پر رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے زراعی افسر کو ہدایات جاری کی کہ تمام کھاد ڈیلرز کی دوکانوں پر ڈی سی آفس کنٹرول روم،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت،اسسٹنٹ کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کے فون نمبرز پر مبنی پینا فلیکسز فی الفور آویزاں کئے جائیں تاکہ کاشتکار حضرات موقع پر اوور چارجنگ یا کھاد کی عدم دستیابی کے حوالہ سے متعلقہ ڈیلر کے خلاف اپنی شکایات درج کروائیں جس کا موقع پر ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔