بھکر؛ پولیس افسران جرائم کے خاتمے اور انسداد کے لیے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں، ڈی پی او محمد نوید

30

بھکر،30ستمبر(اے پی پی): ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ پولیس افسران جرائم کے خاتمے اور انسداد کے لیے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں، مجرمان اشتہاریوں، عدالتی مفروروں، عادی و ریکارڈی، مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں، مقدمات کا بروقت اندراج اور میرٹ پر یکسوئی کو یقینی بنایا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جملہ سرکلز کے سرکل پولیس افسران و ایس ایچ اوز سے میٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں امن وامان کا تسلسل برقراررکھتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کریں، جرائم کے خاتمے اور انسداد کے لیے حاصل شدہ وسائل اور صلاحیتیوں کو بروئے کار لائیں۔

ڈی پی او محمد نوید نے اس موقع پر ہر سرکل اور تھانہ کی کار کردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس میں بہتری لانے کے لیے ہدایات و احکامات دئیے۔انہوں نے کہا کہ مجرمان اشتہاریوں، عدالتی مفروروں، عادی و ریکارڈی، مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری یقینی بناتے ہوئے عوام کے سرقہ شدہ مال کی برآمدگی کی جائے اور مقدمات کی میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر بروقت یکسوئی کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم میں خوب حصہ لیں اور لوکل اینڈ سپیشل لا ، نشینشل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائیں، علاقہ میں گشت کو مزید موئثر رکھیں اور دوران گشت و ناکہ بندی جدید ٹیکنالوجی سے چیکنگ کرتے ہوئے فرائض سر انجام دیں۔